تائیوان : حادثے کا شکار ہونے والے طیارے کا بلیک باکس مل گیا

Taiwan Aircraft Crash

Taiwan Aircraft Crash

تائیوان (جیوڈیسک) تائیوان میں طیارے کے حادثے میں ہلاک ہونے والے مسافروں کی تعداد اکتیس ہو گئی، طیارے کا بلیک باکس مل گیا، بارہ لاپتہ افراد کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

تائیوان کی فضائی کمپنی ٹرانس ایشیا ائیر ویز کے طیارے نے دارالحکومت تائی پے کے سبگشن ائیرپورٹ سے جیسے ہی اڑان بھری کسی خرابی کے باعث توازن کھو بیٹھا اور قریبی دریائے کیلنگ میں جا گرا، گرنے سے پہلے طیارے کا ایک پر پل سے ٹکرایا، اس دوران ایک گاڑی طیارے کی زد میں آنے سے بال بال بچی۔

حکام کے مطابق اڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد طیارے کا کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا، طیارے میں عملے کے پانچ ارکان اور دو بچوں سمیت اٹھاون مسافر سوار تھے، مسافروں میں اکتیس چینی سیاح بھی شامل تھے جو چھٹیاں گزار کر واپس چین جا رہے تھے۔

مرنے والوں میں جہاز کا کپتان اور دو کو پائیلٹ بھی شامل ہیں ۔ دریائے کیلنگ میں فوج اور امدادی ٹیمیں ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔ تباہ ہونے والے جہاز کا ملبہ دریا سے نکال لیا گیا ہے تاہم سرچ آپریشن ساری رات جاری رہے گا۔

ریسکیو اہلکاروں نے جہاز کا پچھلا حصہ اور بلیک باکس بھی ڈھونڈ لیا ہے، تائیوان کی ایوی ایشن سیفٹی کونسل کے مطابق فلائٹ ڈیٹا اور وائس ڈیٹا ریکارڈر بھی مل گیا ہے، دریا میں گرنے والے جہاز کے ملبے کو ہٹانے کا کام تیزی سے جاری ہے۔

ائیرپورٹ حکام کے مطابق حادثے کے وقت موسم بالکل ٹھیک تھا، طیارہ اچانک کسی فنی خرابی کا شکار ہوا۔ ٹرانس ایشیا ائیر لائن کا ایک طیارہ گزشتہ سال جولائی میں ایمرجنسی لینڈنگ کے دوران تباہ ہو گیا تھا۔ چین نے طیارہ حادثے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔