تائیوان میں 6.4 شدت کا زلزلہ، 7 افراد ہلاک، 200 زخمی

Taiwan Earthquake

Taiwan Earthquake

ہولین (جیوڈیسک) تائیوان کا شہر ہولین 6.4 شدت کے زلزلے سے لرز اٹھا جس کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک جبکہ 254 زخمی ہیں جنہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

زلزلہ مقامی وقت کے مطابق 11 بج کر 50 منٹ پر آیا اور اس کا مرکز تائیوان کے ساحل سے 20 کلو میٹر دور سمندر میں تھا۔

زلزلے کے نتیجے میں متعدد عمارتیں منہدم اور کثیر المنزلہ عمارتوں اور سڑکوں کو شدید نقصان پہنچا۔

ایک کثیر المنزلہ ہوٹل کے گراؤنڈ فلور اور تہہ خانے میں کم از کم 3 افراد پھنسے ہوئے ہیں جنہیں نکالنے کے لئے ریسکیو آپریشن کیا جا رہا ہے۔

اسی عمارت سے تقریباً 30 افراد کو زندہ نکال لیا گیا ہے تاہم شہر میں ہائی ویز اور رابطہ پلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے اور انہیں ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

تائیوان کی صدر سائی انگ وین نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور مدد کے لیے فوج کو طلب کر لیا گیا ہے۔

زلزلے کے آفٹر شاکس کا سلسلہ بھی جاری ہے اور لوگوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ محفوظ مقامات کا رخ کریں اور اونچی عمارتوں سے دور رہیں۔