تائیوان (اصل میڈیا ڈیسک) تائیوان کے مشرقی ساحلی علاقے میں ایک مسافر ٹرین کے حادثے میں درجنوں افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔
ٹرین حادثے کا یہ واقعہ ٹروکو گارج کے علاقے میں دو اپریل جمعے کی صبح مقامی وقت کے مطابق تقریبا ًساڑھے نو بجے پیش آیا۔
مقامی میڈیا کے مطابق چھٹی کے دن اس ٹرین پر تقریبا ًساڑھے تین سو افراد سوار تھے۔ ریلوے پولیس نے اب تک 36 مسافروں کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔
حکام کا کہنا تھا کہ اب تک 61 زخمی مسافروں کو ہسپتالوں میں بھرتی کیا جا چکا ہے جبکہ تقریبا ً72 مسافر ٹرین کے اندر اب بھی پھنسے ہوئے ہیں اور مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔
متاثرہ ٹرین تائی پی سے تائی تنگ جا رہی تھی اور یہ حادثہ ایک سرنگ کے پاس پیش آیا۔ ایک مقامی میڈیا نیٹ ورک ‘یو ڈی این’ نے اس حوالے سے جو تصاویر شائع کی ہیں اس میں ٹرین کے ایک حصے کو سرنگ کے اندر جبکہ کچھ حصہ سرنگ سے باہر دیکھا جا سکتا ہے۔
تائیوان کی صدر تائی انگ وین کا کہنا ہے کہ انہوں نے اسپتال اور محکمہ طب کو اس حادثے سے پیدا شدہ حالات سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار رہنے کا حکم دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا، ”اس وقت ہماری سب سے بڑی ترجیح پھنسے ہوئے لوگوں کو باہر نکالنا ہے۔”
اطلاعات کے مطابق پل کے اوپرسے ایک ٹرک ریلوے لائن پر گر گیا تھا اور اسی وقت ٹرین ایک سرنگ سے نکل کر باہر آرہی تھی جو اس گرنے والے ٹرک سے بہت تیزی ٹکرا گئی۔
مقامی میڈیا پر ایک نا معلوم مسافر خاتون کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے، ”مجھے اچانک بہت زور کا جھٹکا لگا اور میں نے اپنے آپ کو نیچے گرتے ہوئے پایا۔ ہم کھڑکی توڑ کر ٹرین کی چھت پر چڑھے اور پھر باہر نکل پائی۔”
پہاڑی سلسلوں سے مزین تائیوان کا مشرقی ساحل سیاحوں کا پسندیدہ مقام ہے۔ تائی پی کے مشرقی ساحل سے اس جانب جانے والی ٹرینیں مختلف سرنگوں سے ہو کرگزرتی ہیں اور یہ بڑا خوشگوار سفر ہوتا ہے۔
تائیوان میں اس سے پہلے ٹرین کا بڑا حادثہ اکتوبر 2018 میں پیش آیا تھا جب ایک ایکسپریس ٹرین پٹری سے اتر گئی تھی۔ اس واقعے میں 18 افراد ہلاک اور 175 کے قریب زخمی ہوگئے تھے۔
سن 1991 میں بھی مغربی تائیوان میں دو ٹرینیں آپس میں ٹکرا گئی تھیں اور اس واقعے میں 30 افراد ہلاک اور 100 کے قریب زخمی ہو گئے تھے۔