لیاری (جیوڈیسک) لیاری میں بدامنی اور سینکڑوں خاندانوں کی نقل مکانی روکنے میں ناکامی کے بعد سندھ حکومت نے ملبہ وفاق پر ڈال دیا تاج حیدر کہتے ہیں کہ سندھ حکومت کو کمزور کرنے کی سازش کی جارہی ہے میاں نواز شریف کو صرف لیاری کی ایک گلی کی فکرہے،ملک کے معاشی حب کراچی کا دل لیاری کافی عرصے سے شدید بدامنی کی لپیٹ میں ہے اور اب سینکڑوں خاندانوں کو نقل مکانی کی اذیت بھی جھیلنا پڑرہی ہے۔
لیکن پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت قتل وغارت گری روکنے کے بجائے کمیٹیوں کے قیام اور سیاسی پوائنٹ اسکورنگ میں مصروف ہے منگل کے روز لیاری سے متعلق 5 رکنی کمیٹی کا اجلاس صوبائی وزیر ڈاکٹر سکندر میندھرو کی زیر صدارت ہوا اجلاس میں کچھی خاندانوں کی نقل مکانی اور لیاری میں صورتحال کی بہتری کے لئے سفارشات مرتب کی گئیں ۔
اجلاس کے بعد زرائع سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری تاج حیدرنے اعتراف کیا کہ گھر بار چھوڑنے والے افراد خوفزدہ ہیں دہشت گرد چار مخصوص یونین کونسل میں دہشت پھیلاتے ہیں ،تاج حیدر نے سندھ حکومت کی ناکامی کا ملبہ وفاق پر ڈالتے ہوئے کہا کہ لیاری کا مسئلہ انتظامی ہے لیکن اس لڑائی کے پیچھے سیاسی مفادات ہوسکتے ہیں انہوں نے لیاری سے متعلق وفاقی حکومت کو پیش کردہ رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم میاں نواز شریف کو صرف لیاری کی ایک گلی کی فکر ہے۔