تلہ گنگ، سردارممتاز ٹمن عوام کی عدالت میں، سوشل میڈیا پر نوجوانوں کے کثیر تعداد میں تحفظات
Posted on December 17, 2013 By Majid Khan سٹی نیوز
تلہ گنگ (ضیاء قادری سے) سردار ممتاز خان ٹمن نے حلقہ این اے اکسٹھ سے مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر اپنے مقابلے میں دو مضبوط ترین شخصیات چوہدری پرویز الٰہی اور سردار منصور حیات ٹمن کوشکست دے کر 114282 ووٹوں کے ساتھ واضع کامیابی کا سہرا اپنے سر سجایا۔سردار ممتاز خان ٹمن کی کامیابی میں حلقہ این اے اکسٹھ کی کثیر تعداد میں نوجوانوں نے بھرپور کردار ادا کیااور نظریات کے بل بوتے پر عرصہ دراز سے بنیادی سہولیات سے محروم تحصیل تلہ گنگ کی ترقی کا خواب آنکھوں میں سجائے سردار ممتاز ٹمن کی کامیابی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ الیکشن سے پہلے حلقہ این اے اکسٹھ کی عوام سے بہت سے وعدے کیئے گئے جن میں صحت، آمدورفت، تعلیم سمیت دیگر شعبے شامل تھے ان کو پایا تکمیل تک پہنچانے کے خواب کی تعبیر حلقہ کی عوام کو اس وقت سچ ہوتی دکھائی دی جب میاں نواز شریف نے سرزمین تلہ گنگ پر ریکارڈ ساز انتخابی جلسے میں شرکت کو یقینی بناتے ہوئے ٹکٹ حاصل کرنے والے امیدوار سردار ممتاز خان ٹمن کے ذریعے ترقی کی نئی راہیں دکھانے کا وعدہ کرلیا جس پر حلقہ کی عوام نے ترقی کا خواب تکیمل تک پہنچتا دکھائی دیتے ہوئے سردار ممتاز ٹمن کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا لیکن سردار ممتاز خان ٹمن حلقہ سے واضع اکثریت کے ساتھ کامیابی کے بعد سے تاحال عوامی امنگوں پر پورا اترنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔
سماجی رابطہ کی ایک ویب سائٹ پر سردار ممتاز خان ٹمن کے حوالہ سے ایک پوسٹ پبلش کی گئی جس کا عنوان ”تلاش گمشدہ ” رکھا گیا۔ عوام کی کثیر تعداد نے اپنے اپنے الفاظ میں مختلف تحفظات پیش کیئے۔ پڑھے لکھے طبقے نے اپنے منتخب کردہ ایم این اے کو مخاطب کرتے ہوئے مختلف سوالات کرڈالے۔ نوجوانوں کا کہنا تھا کہ سردار ممتاز خان ٹمن حلقہ سے ووٹ حاصل کرنے کے بعد حلقہ کی عوام سے کہیں غائب ہوچکے ہیں اور تاحال اپنے ووٹرز سے دوری کے نتیجے میں عوام کو شدید مایوسی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ سوشل میڈیا کی ویب سائٹ پر سینکڑوں افراد نے سردار ممتاز خان ٹمن کے حوالہ سے اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اپنی تنخواہ اور دیگر مراعات سے ایم این اے لطف اندوز ضرور ہورہے ہیں ۔ 100 سے زائد گائوں پر مشتمل تلہ گنگ کو ضلع کا درجہ دینے کا وعدہ شروع میں ہی کھٹائی میں پڑتا دکھائی دے رہا ہے جبکہ شہر کی سب سے بڑی سٹی ہسپتال میں ایمرجنسی کے ناقص حالات اور بڑھتی ہوئی مریضوں کی تعداد میں سٹاف کی کمی منتخب ایم این اے پر سوالیہ نشان ظاہر کررہی ہے۔
حلقہ کی کثیر تعداد میں عوام نے پرزور انداز میں سردار ممتاز ٹمن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اپنی ذمہ داری کا ثبوت دیتے ہوئے سٹی ہسپتال میں سٹاف کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے اور اس کے ساتھ ساتھ تلہ گنگ کی عوام کا دیرینہ مطالبہ ”تلہ گنگ ضلع بنائو” تحریک کو پایا تکمیل تک پہنچایا جائے اور اس سے ملحقہ علاقوں کی ترقی پر توجہ دی جائے۔ تلہ گنگ اور اس کے گردونواح کے علاقوں کی ترقی میں چھپا راز جدید ٹیکنالوجی سے وابسطہ افراد نے بذریعہ انٹر نیٹ سامنے رکھ دیا اب دیکھنا یہ ہے کہ گمشدہ ایم این اے اپنی ذمہ داری اور اپنی موجودگی کا عوام کو کیسے جواب دیتے ہیں۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com