کراچی (جیوڈیسک) پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنمااورسابق وفاقی وزیرداخلہ رحمن ملک نے کہا ہے کہ پورا پاکستان مشکل میں ہے، طالبان سے جنگ بندی پر یقین نہیں رکھتے۔
جمعرات کو کراچی ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ طالبان کے ترجمان شاہداللہ شاہد کی کوئی حقیقت نہیں، طالبان کی میڈیا کوریج بندکی جائے، طالبان کے ساتھ کرکٹ میچ ہوا تو میں نہیں کھیلوں گا، 12واں کھلاڑی نہیں بننا چاہتا، طالبان کی نیت ٹھیک نہیں لگتی، ان سے مذاکرات ممکن ہی نہیں، جو دہشت گردی کرتا ہے ان سے باتوں کے بجائے ان کے خلاف لاتوں کااستعمال کیا جائے۔
انھوں نے کہا کہ وزیراعظم نے طالبان سے مذاکرات کے حوالے سے اگر حکومتی کمیٹی کو تحلیل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے تو یہ اچھا اقدام ہے، ہمیں وزیر اعظم کی نیت پر شک نہیں، دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مشترکہ پالیسی پر عمل پیرا ہونا ہوگا۔
پیپلز پارٹی اور ایم کیوایم لازم وملزوم ہے، ایم کیو ایم سے بات چیت جاری رہتی ہے اور عوام کے مسائل کے حل اورملک کی ترقی کیلیے بات چیت کا سلسلہ جاری رکھا جائیگا۔