کراچی : آج کے ذہین طلبا وطالبات کل کے سائنسدان، صنعتکار اور قوم کے رہنما ہونگے، طالبات قوم کی امیدوں کا محور ہیں، طالبات کی تعلیم اور تربیت کے بغیر کوئی قوم حقیقت میں ترقی نہیں کرسکتی۔اِن خیالات کا اظہار چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے بہ حیثیت مہمانِ خصوصی، سرسید گرلز کالج میں منعقدہ سوشل سائنسز نمائش کا افتتاح کرنے کے بعد گفتگو کے دوران کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ نئی نسل کو جدید دور کے مطابق تعلیم اور تربیت مہیا سے آراستہ کرنے کا مطلب انہیں نئے دور اور ترقی یافتہ قوموں سے قدم ملاکرچلنے کے قابل بنانا ہے۔
قبل ازیں کالج کی پرنسپل پروفیسر تنویر خالد نے استقبالیہ تقریر میں نمائش کے انعقاد کے اغراض و مقاصد سے مہمانوں کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ نمائش کا مقصد طالبات کی صلاحیتوں کو اجاگرکرنے کے ساتھ ساتھ انہیں تعلیم سے بھرپور فائدہ اُٹھاتے ہوئے اپنے ٹیلنٹ کے اظہار کا موقع فراہم کرناہے۔
ریحان ہاشمی نے نمائش میں لگائے گئے سائنس، فنونِ لطیفہ اور کلیہء تجارت کے اسٹالز کا معائنہ کیا اور طالبات کو انکی صلاحیتوں پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ نمائش میں کُل اسّی (80) اسٹالز تھے جن میں بیالیس (42)شعبہئ سائنس، تینتیس (33) کلیہئ فنونِ سے جبکہ پانچ اسٹالز کلیہئ تجارت کی جانب سے لگائے گئے تھے۔
بجلی بنانے کے سستے ذرائع، کائنات کا نظامِ شمسی اور معاشرتی مسائل پر مبنی پروجیکٹس کو بہت پسندکیاگیا۔انگریزی زبان کی تاریخ کے حوالے سے خصوصی اسٹالز بھی طالبات کی توجہ کا مرکز تھا۔
نمائش دو روز جاری رہے گی۔اس موقع پر کالج کی پرنسپل نے ریحان ہاشمی کوسندھ کی ثقافت اجرک اور سندھی ٹوپی کا تحفہ اور پھولوں کا خوبصورت گلدستہ پیش کیا۔