تلہار (نمائندہ) تلہار میں حیسکو کیجانب سے غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ، اوور چارجز، اضافی یونٹس والے بھاری بلز کیخلاف شہید بھٹو اور قومی عوامی تحریک کی کال پر مکمل شٹر ڈائون ہڑتال کی گئی اس دوران مین اسٹاپ، شہید بینظیر چوک، اللہ والا چوک، سینما روڈ ٹنڈوباگو اسٹاپ، شاہی بازار سمیت اہم کاروباری مراکز مکمل بند رہے۔
جس کے بعد شہید بھٹو اور قومی عوامی تحریک کیجانب سے مصطفی گاڈہی، مگن کولہی، میر آصف تالپور و دیگر کی قیادت میں سٹی پریس کلب سے احتجاجی ریلی نکال کر بدین بس اسٹاپ پر ٹائر نذر آتش کرکے دھرنا دیا گیاجس کے باعث حیدرآباد ٹنڈوباگو، بدین سمیت دیگر شہروں کی ٹریفک معطل ہوگئی۔
اس موقع پر مظاہرین سے خطاب کرتے باغی امداد نظامانی، کوثر زیدی، اعجاز احمدانی، مجید کنبھارغلام نبی چانڈیو و دیگر نے کہا کہ قیامت خیز گرمی کے باوجود شہر میں 16سے18گھنٹے بجلی کی بندش معمول بن گئی ہے جس کے باعث کاروبارمکمل ٹھپ ہوگیا ہے اور لوگ زہنی مریض بن چکے ہیں جبکہ گھروں میں اکثر پانی کی قلت کی شکایات رہتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بجلی نہ ہونے کے باعث گیارہویں اور بارہویں کے امتحانات دینے والے طلبہ و طالبات کو پرچہ دینے میں شدید دشواری کا سامنہ ہے اتنی زیادتی کے باوجود ہر مہینے باقائدگی سے بل ادا کرنے والے صارفین پر اوور چارجز اور ڈڈکشن کی مد میں اضافی چارجز تھوپ دئے جاتے ہیںجس کی وجہ سے عوام حیسکو دفتر کے چکر لگا لگا کر تھک چکے ہیں۔
انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ اور حیسکو چیف اور انسانی حقوق کی تنظیموںسے مطالبہ کیا کہ فوری طورحیسکو کی زیادتیوں کانوٹیس لیکر عوامی مسائل حل کئے جائیں دیگر صورت چوبیس گھنٹے کے بعد احتجاجی تحریک چلائیں گے۔