تلہار (نمائندہ) تلہار میں شراب کا گتا کھلنے کیخلاف جمعیت علماء اسلام کیجانب سے 3 اگست کو تاریخی دھرنا دینے کا اعلان کیا گیا ہے جس کی صدارت صوبائی جنرل سیکریٹری مولانا راشد محمود سومرو کریں گے اس سلسلے میں جے یو آئی تلہار کیجانب سے شہر میں وال چاکنگ، پمفلیٹ لگانے سمیت مختلف سیاسی سماجی مذہبی اور علمی تنظیموں کے رہنمائوں سے ملاقاتیں کرکے شرکت کی دعوت دینے کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے سٹی پریس کلب میں صحافیوں سے بات کرتے مولانا خان محمد جمالی، قاری عبدالرزاق، حکیم اسماعیل خاصخیلی و دیگر نے بتایا کہ 3 اگست کو شراب کے گتے و دیگر سماجی برائیوں کیخلاف مولانا راشد محمود کی قیادت میں ریلی نکال کر تمام شاہراہیں بلاک کی جائیں گی ہم مسلسل چار ماہ سے احتجاج کر رہے ہیں۔
لیکن انتظامیہ نے کوئی تحرک نہ لیا ہمیں اطلاعات ملی ہیں کہ گتا مالکان نے اپنے ایجنٹوں کے سہارے شراب کا کاروبار شروع کردیا ہے اپنی نسلیں بچانے کی خاطر 3اگست کے دھرنے میں ضلع بھر سے شریک عوامی سمندر سماج دشمنوں کو بہا لے جائے گا انہوں نے عوام سے بھرپور شرکت کی اپیل کی ہے۔