لاہور (اقبال کھوکھر) نیشنل پارٹی عام آدمی کی بات کرنے والی جمہوری سیاسی جماعت ہے جو اس بات کی قائل ہے کہ جب تک اشرافیہ وسرمایہ دارکی بجائے عوام کے بنیادی مسائل حل نہیں کئے جاتے اس وقت تک ملک میں نہ تو جمہوریت کے حقیقی ثمرات دیکھے جاسکتے ہیں اور نہ ہی معاشرہ خوشحال اور ریاست ترقی کرسکتی ہے۔
ان خیالات کااظہار نیشنل پارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری طالب حسین نے مصطفی آباد قصور پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ اقتدارکبھی ہماری منزل نہیں رہی بلکہ نظریات واصول ہماری سیاست کا بنیادی جز ہے۔
اگر اقتدار ہمارا مقصد ہوتا تو ڈھائی سالہ وزارت اعلیٰ کے بعد بھی تمام قوتوں کے اصرار کے باوجود ہم نے ملکی مفاد میں وزارت اعلیٰ چھوڑی ۔ہم عوام سے ہیں اور ہمیشہ عوام کے حقوق ومسائل کی بات کرتے ہیں۔کیونکہ ریاست کے وسائل واقتدار میں عام آدمی کو شریک کرنے سے ہی جمہوریت پروان چڑھ سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی پنجاب بڑی تیزی سے مقبول ہورہی ہے اور ہم اللہ تعالیٰ کے بعد عوام کے بھی مشکور ہیں۔ جو ہمارے جمہوری خیالات اور صاف ستھرے سیاسی کردار کو سراہتے ہیں۔
اس سے قبل انہوں نے ضلع قصور کے متعدد علاقوں میں کامیاب اجلاس کئے جہاں کثیر تعداد میں لوگوں نے نیشل پارٹی میں شمولیت اختیار کی ۔قصور سٹی میں ڈنر کے بعدلاہور روانگی کے دوران انہوں نے اس دورے کو موثر اور کامیاب قراردیا۔اس موقع پران کے ہمراہ نیشنل پارٹی پنجاب کے نائب صدرمیاں آفتاب ،جنرل سیکرٹری لاہور محمد ریاض بنگش،اقبال کھوکھر اور لالہ رشید بھی تھے۔