لندن (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ طالبان نے مذاکرات کو مذاق بنا لیا ہے۔ حکومت اور فوج 48 گھنٹوں میں حتمی فیصلہ کر کے قوم کو آگاہ کریں۔
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے ایف سی اہلکاروں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ طالبان نے مذاکرات کو مذاق بنا لیا ہے۔ حکومت اور فوج 48 گھنٹوں میں حتمی فیصلہ کر کے قوم کو آگاہ کریں۔
لندن سے جاری بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ ایک ماہ سے زائد کا عرصہ گزر جانے کے باوجود مذاکرات کے کھیل میں طالبان درجنوں حملوں میں سیکڑوں شہریوں کوموت کی نیند سلا چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ کیسا سنگین مذاق ہے کہ طالبان اپنے قیدیوں کی رہائی کا تو مطالبہ کر رہے ہیں لیکن دوسری جانب اپنی قید میں موجود فوجی جوانوں کو قتل کر رہے ہیں۔
الطاف حسین نے وزیراعظم نواز شریف، آرمی چیف جنرل راحیل شریف، سیاسی اور دفاعی مبصرین سے اپیل کی کہ وہ اس پر خاموش نہ رہیں اور حکومت اور مسلح افواج متفقہ طور پر آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں میں کوئی حتمی فیصلہ کریں۔ عوام اس فیصلہ پر حکومت اور فوج کا بھرپور ساتھ دیں گے۔