سرگودھا (جیوڈیسک) سربراہ پاک فضائیہ ایئرچیف مارشل طاہر رفیق بٹ کا کہنا ہے کہ پاک فضائیہ طالبان کیخلاف آپریشن کے لئے پوری طرح تیارہے۔
سرگودھا میں مصحف علی میر ایئربیس پر اردن کی جانب سے پاک فضائیہ کے بیڑے میں شامل کئے گئے 5 ایف 16 طیاروں کے حوالے سے تقریب منعقد ہوئی جس میں اردن کے سفیر نے بھی شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فضائیہ کے چیف کا کہنا تھا کہ اردن سے خریدے گئے طیارے بہتر حالت میں ہیں اور آئندہ سالوں میں انہیں استعمال کے لئے مزید بہتر بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ طیاروں کا حصول پاکستان اور سلطنت اردن کی فضائی افواج کے مابین برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے اور ان طیاروں کی شمولیت کے بعد پاک فضائیہ کی استعداد میں اضافہ ہوگا۔
ایئرچیف مارشل کا مزید کہنا تھا کہ پاک فضائیہ خطرات کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے جبکہ طالبان کیخلاف کارروائی کیلئے پوری طرح تیار ہیں اور آپریشن کے دوران صرف ٹارگٹ کو ہی نشانہ بنایا جاتا ہے۔