میران شاہ (جیوڈیسک) میران شاہ کے ایک سٹور مالک نے انکشاف کیا ہے کہ طالبان امریکی صابن اور لیڈیز پرفیوم زیادہ پسند کرتے ہیں ، چیزوں کی منہ مانگی قیمت ادا کرتے ہیں ، سٹور مالک کا کہنا ہے کہ روزانہ کی سیل سوا لاکھ روپے تھی۔
طالبان ذوق و شوق کے اعتبار سے امریکی مصنوعات کے دلداہ نکلے ،میران شاہ میں جنرل سٹور کے مالک رشید الرحمان نے انکشاف کیا ہے کہ طالبان زیادہ تر سیکریٹ لو اور بلیو لیڈی پرفیوم کے علاوہ رساسی کے باڈی اسپرے پسند کرتے ہیں۔
رشید الرحمان کا کہنا ہے طالبان کو پاکستان کی بنی ہوئی مصنوعات پسند نہیں بلکہ صابن میں انھیں امریکی برانڈ ڈؤ اور اؤلے جبکہ شیمپو میں ہیڈ اینڈ شولڈر اور کلیئر پسند ہے۔ دکاندار نے بتایا طالبان پرفیوم کی قیمت منہ مانگی رقم ادا کرتے ہیں۔
رشید الرحمان نے یہ بھی بتایا کہ طالبان سفید رنگ کے زیر جامہ زیادہ پسند کرتے ہیں۔ طالبان چیتا جاگرز کے شیدائی اور سواری کے لئے 125 موٹر سائیکل کے رسیا ہیں۔
شہر میں سیاہ شیشوں والی گاڑیوں میں آنے والے طالبان دل کھول کر خریداری کرتے ہیں۔ رشید الرحمان کا کہنا ہے وہ روزانہ ایک سے سوا لاکھ روپے کی سیل کرتا تھا لیکن آپریشن اور حالات کی خرابی نے ان کے کاروبار کو شدید متاثر کیا۔