طالبان سیز فائر پر متفق، فیصلے کا امکان جلد متوقع

Taliban

Taliban

ڈی آئی خان (جیوڈیسک) سیز فائر کے بعد طالبان کی جانب سے مغیوں کی رہائی کا امکان ہے۔ طالبان کمیٹی کے رکن پروفیسر ابراہیم کہتے ہیں حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات اہم موڑ پر پہنچ گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سیز فائر معاہدے پر متفق ہو گئے ہیں۔ طالبان کی جانب سے سیز فائر کے فیصلے کا امکان جلد متوقع ہے۔ سیز فائر کا اعلان طالبان کے ترجمان شاہد اللہ شاہد کرینگے۔

حکومتی کمیٹی کے دو ارکان طالبان سے بات چیت کیلئے میرانشاہ جائیں گے۔ دوسری جانب طالبان کی مذاکراتی کمیٹی کے رکن پروفیسر محمد ابراہیم نے بتایا ہے کہ حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات اہم موڑ میں داخل ہو گئے ہیں۔

طالبان کی طرف سے آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی سے ملاقات کی خواہش کا مثبت جواب ملا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگ بندی پر طالبان نے تمام ذیلی تنظیموں سے مشاورت شروع کر دی ہے، معاملہ جلد حل ہو جائے گا۔

فائر بندی کیلئے مولانا سمیع الحق اور طالبان قیادت میں بھی رابطہ ہوا ہے۔ فریقین حوصلے سے کام لیں، قوم کو جلد دہشت گردی سے چھٹکارا ملے گا۔

پروفیسر ابراہیم نے کہا کہ کراچی اور پشاور کے واقعات پر حکومت اور طالبان کی مذاکراتی ٹیموں کو بھی تشویش ہے۔ اس سے پہلے طالبان کمیٹی کے کوارڈنیٹر مولانا یوسف شاہ نے کہا کہ طالبان سے قیدیوں کی رہائی پر کوئی بات نہیں ہوئی جبکہ طالبان نے حکومتی کمیٹی کے دو ارکان کے انٹرویو پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سیز فائر کے اعلان کے بعد حکومتی کمیٹی کے دو ارکان میرانشاہ جا کر طالبان سے براہ راست مذاکرات کریں گے۔