طالبان کمیٹی نے وزیراعظم سے ملاقات کے لیے وقت مانگ لیا

Meeting

Meeting

کراچی (جیوڈیسک) طالبان رابطہ کار کمیٹی نے وزیر اعظم سے ملاقات کے لیے وقت مانگ لیا ہے۔ باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ طالبان رابطہ کار کمیٹی کا حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے اہم رکن سے رابطہ ہوا ہے جس میں انھوں نے واضح کیا ہے کہ طالبان قیادت مذاکرات کے لیے تیار ہے۔

تاہم حکومتی عملی سمجھ سے بالاترہے کہ حکومت کا مذاکرات کے حوالے سے کیا لائحہ عمل ہے، اس رابطے میں طالبان رابطہ کار کمیٹی نے کہاہے کہ شمالی وزیرستان میں کی جانے والی حالیہ کارروائیوں کے بعد رکاوٹیں مزید بڑھ گئی ہیں اور حکومت نے اب تک واضح نہیں کیا کہ وہ آئندہ مذاکراتی عمل جاری رکھنا چاہتی ہے یا نہیں۔

طالبان رابطہ کار کمیٹی نے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار سے بھی رابطے کافیصلہ کیاہے اور جلد مولانا سمیع الحق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارسے اس حوالے سے رابطہ کریں گے،اگر حکومت کی جانب سے مذاکراتی عمل کے حوالے سے واضح پالیسی کا تعین نہیں کیا جاتاتو پھر طالبان رابطہ کار کمیٹی مذاکراتی عمل سے علیحدہ ہونے کے حوالے سے بھی فیصلہ کرسکتی ہے۔

دوسری جانب وفاق کے ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاق نے مذاکراتی عمل کوختم نہیں کیا، طالبان رابطہ کار کمیٹی پر واضح کیا گیا ہے کہ طالبان شوریٰ حکومتی کمیٹی سے ملاقات کیلیے وقت اور جگہ کاتعین کرے، حکومتی کمیٹی ملاقات کیلیے تیار ہے، تاہم طالبان شوریٰ نے جواب نہیں دیا۔