اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر مملکت برائے داخلہ میاں بلیغ الرحمان کا کہنا ہے کہ طالبان کمیٹی آج حکومتی کمیٹی کو پیشرفت سے آگاہ کرے گی۔
سینٹ میں مختلف سوالات کے جواب میں وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ طالبان ایک سوچ ہے جو چند ماہ میں نہیں بنی بلکہ اس کی تشکیل میں برسوں لگے۔ اس لئے طالبان سے مذاکرات کا معاملہ انتہائی حساس نوعیت کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر ستان میں طالبان کی سیاسی شوریٰ سے مذاکرات کرنے والی کمیٹی آج حکومتی کمیٹی کو پیش رفت سے آگاہ کرے گی۔
میاں بلیغ الرحمان کا کہنا تھا کہ حکومت سنجیدگی کے ساتھ مذاکراتی عمل آگے بڑھا رہی ہے تاہم طالبان سے مذاکرات کے لئے تمام معاملات آئین کے مطابق ہی انجام دیئے جائیں گے۔ ہم نے مذاکراتی عمل کو کھلا رکھا ہوا ہے، جب تک مذاکرات کا آپشن ناکام نہیں ہو جاتا اس وقت تک آپریشن کی طرف نہیں جائیں گے۔