اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر داخلہ چودھری نثارعلی خان سے طالبان کمیٹی کی ملاقات میں فیصلہ کیاگیاہے کہ طالبان کمیٹی آج طالبان سے بات چیت کے لیے شمالی وزیرستان جائے گی۔ اسلام آباد میں وزیرداخلہ چودھری نثار سے ملاقات میں مولانا سمیع الحق نے مذاکرات کے لئے نئی حکومتی کمیٹی کے قیام پر اعتماد کا اظہار کیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ طالبان کمیٹی دورہ شمالی وزیرستان کے دوران حکومتی کمیٹی کی طالبان کے ساتھ براہ راست بات چیت کے لئے جگہ اور وقت کا تعین کرے گی، اس کے بعد حکومتی کمیٹی فوری طور پر شمالی وزیر ستان کا دورہ کر ے گی اور طالبان سے باضابطہ بات چیت کا آغاز کردیاجائے گا۔
چودھری نثارکا کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان جانے کیلئے طالبان کمیٹی کوہیلی کا پٹربھی فراہم کیاجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ مذاکراتی عمل سبوتاژ کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ چودھری نثار سے ملاقات میں طالبان کمیٹی نے حکومتی کمیٹی کسی ایک رکن کو بھی میرانشاہ لے جانے کی خواہش کا اظہار کیا۔