اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیراطلاعات ونشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ حکومت امن وامان کے فروغ کیلیے طالبان سے مذاکرات کررہی ہے اور پارلیمنٹ میں موجود تمام جمہوری قوتیں طالبان کے ساتھ بات چیت کے عمل پرحکومت کی مدد کررہی ہیں۔ جمعرات کو جرمن پارلیمنٹ کے صدر ڈاکٹر نور برٹ لیمرٹ کی قیادت میں ایک وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک میں جمہوریت ہے میڈیا اور عدلیہ کو مکمل آزادی حاصل ہے، انھوں نے کہا کہ پاکستان جرمنی کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، وفاقی وزیرنے کہا کہ موجودہ جمہوری حکومت آئین کی حکمرانی اورانسانی و اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلیے پرعزم ہے۔
انھوں نے پاکستان اورجرمنی کے پارلیمانی وفود کے تبادلے پر زور دیا اور وفد کو تجویز پیش کی کہ وہ ملک میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔ ڈاکٹرنوربرٹ لیمرٹ نے وفود کے تبادلے پر وفاقی وزیرکی تجویز سے اتفاق کیاانھوں نے طالبان کے ساتھ مذاکرات کی کامیابی کی امیدظاہرکی اور پاکستان میں جمہوریت کے مزیداستحکام کی خواہش کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیرنے کہا کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی میڈیا کے حوالے سے تقریر بہت مثبت تھی، اس سے ابہام دور ہو جانا چاہیے۔