طالبان سے مذاکرات ، ہمارا کردار ادا کرنے کا کوئی ارادہ نہیں : مولانا فضل الرحمان

Maulana Fazlur Rehman

Maulana Fazlur Rehman

اسلام آباد (جیوڈیسک) جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ طالبان سے مذاکرات کے لئے مواقع یا ماحول موجود نہیں ہیں۔ جاری بیان میں مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ طالبان کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش واپس لینے کے بعد ہمارے کردار کی تو دور کی بات اس کردار کے لئے مواقع یا ماحول سر دست موجود نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری معلومات کے مطابق اسٹیبلشمینٹ کو مذاکرات یا مفاہمتی عمل سے کسی قسم کی کوئی دلچسپی نہیں۔ مذاکرات کے حوالے سے نہ کوئی اشارات ہیں اور نہ ہی حکومت نے رابطہ کیا ہے تاہم ایسے حالات میں ہمارا کردار ادا کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ ملک میں قیام امن کے لئے مفاہمت ایک نہایت سنجیدہ عمل ہے لیکن اسے ایک غیر سنجیدہ انداز کے ساتھ پروان چڑھایا جا رہا ہے، لہذاحکو مت بننے سے پہلے میڈیا میں آنے والی خبریں بے بنیاد ہیں۔