طالبان سے مذاکرات، حکومت کو کمزور پچ پر نہیں کھیلنا چاہیے، خورشید شاہ

Khurshid Shah

Khurshid Shah

اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے کہ طالبان سے مذاکرات میں حکومت کو کمزور پچ پر نہیں کھیلنا چاہیے، پشاور میں چرچ حملوں کے بعد وزیر اعظم ، اقوام متحدہ میں ڈرون حملوں کا معاملہ اٹھائیں گے تو دوسری جانب سے کہا جائے گا کہ پہلے اپنے ملک میں دہشت گردی ختم کریں۔ پارلیمنٹ ہاوس میں ذرائع سے گفتگو کرتے ہوئے قائد حزب خورشید شاہ نے کہا کہ حزب اختلاف نے طالبان سے مذاکرات کا فیصلہ کرنے کا حکومت کو مکمل اختیار دیا ہے، اس سے پہلے کہ حالات ہاتھ سے نکل جائیں حکومت کو فیصلہ کرنا ہو گا۔

خورشید شاہ نے کہا کہ مذاکرات کرنے کی ایک حد ہوتی ہے، کمزور آدمی سے طاقت ور کی بات ہوتی ہے تو طاقت ور شرائط رکھتا ہے۔ چرچ حملے کے بعد وزیر اعظم کمزور پچ پر اقوام متحدہ گئے ہیں۔ جب وہ ڈرون حملے روکنے کا مطالبہ کریں گے تو کہا جائے گا کہ پہلے دہشت گردوں کو ختم کریں، یہ افغانستان میں بھی کاروائیاں کر رہے ہیں۔ خورشید شاہ نے کہا کہ سینٹر اسحاق ڈار کے امریکہ جانے کے باعث چیئرمین نیب کے معاملے پر رابطہ نہیں ہو سکا، وزیر اعظم کی وطن واپسی پر بات ہو گی۔

خورشید شاہ نے کہا کہ ایسا شخص چیئرمین نیب کے عہدے پر چاہتے ہیں جس کی کسی سیاسی جماعت سے قربت نہ ہو۔ خورشید شاہ نے کہا کہ میاں محمد اجمل نے چیف جسٹس افتخار چوہدری کی برطرفی کے احکامات پر دستخط نہیں کیے تھے، وہ اس وقت رخصت پر تھے۔