اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ حکومت طالبان سے مذاکرات سے مطمئن ہے،اس کے اچھے نتائج نکلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کی رہائی کے لیے حکومت پر کوئی دباو نہیں۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے ذرائع سے بات چیت میں کہاہے کہ پرویز مشرف کو قانون اور وقت گرفت میں لے ر ہا ہے، ہمارا فرض ہے کہ قانون کی گرفت سے کوئی مجرم نہ بچ سکے، آرٹیکل سکس کا مقدمہ عدالت میں زیر سماعت ہے اس حوالے سے ایف آئی اے تحقیقات کر رہی ہے۔
سینیٹر پرویز رشید نے پرویز مشرف کی رہائی کے معاملے پرکوئی دباونہیں، اگرآپ خلاف ورزی کررہے ہوں تو دنیا دباو ڈال سکتی ہے، جب آپ قانون کے مطابق چل رہے ہوں تو کوئی دباو نہیں ڈال سکتا۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ آج یہ سوال اٹھایا جاتا ہے کہ آئین کو نہ ماننے والوں سے گفتگو کرنی چاہیے یا نہیں تو جن لوگوں نے چار بار آئین توڑا ان سے کیا سلوک ہونا چاہیے۔
طالبان سے بات چیت کی کامیابی کیلئے ضروری ہے کہ ان کوٹاک شو کا حصہ نہ بنایا جائے، درست راستے پرچل رہے ہیں ، بات چیت کے نتائج اچھے نکلیں گے۔ سینیٹر پرویز رشید نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف گواہی دینے والوں اور عدلیہ کے ججز کو کو دھمکیاں دی جاتی ہیں، اس لیے انسداد دہشت گردی قوانین کو موجودہ ضروریات سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے۔