لاہور(جیوڈیسک)تحریک منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹرطاہر القادری کا کہنا ہے کہ پاکستان میں طالبان دوست حکومت بین الاقوامی طاقتوں کی ضرورت تھی۔ ان کے افغانستان سے با حفاظت نکلنے کے بعد پھر سے دہشت گردی کی جنگ شروع ہو جائے گی،اس لئے این آر او ٹو لایا گیا ہے۔
منہاج القرآن میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے طاہر القادری کا کہنا تھا کہ حکمران اپنا کام کریں انہیں تنگ نہیں کریں گے ۔ وہ خود ایک کروڑ کارکن بنا کرملک میں انقلاب لائیں گے۔
طاہر القادری کا کہنا تھا کہ جیتنے اور ہارنے والے سب دھرنے دے رہے ہیں، پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ تبدیلی کا نعرہ لگانے والے روئیں گے۔ طاہر القادری کا کہنا تھا کہ نتیجے آنے کے دوران ایک پارٹی قائد کی تقریر پر الیکشن کمیشن نے نوٹس لیا اور نہ ہی کسی نے سو موٹو لیا۔