اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید کا کہنا تھا کہ جو حکومت سے مذاکرات کرنا چاہتے ہیں، ان سے مذاکرات کئے جائیں گے۔ جو ذمہ داری قبول کرتے ہیں تو حکومت اپنی ذمہ داری پوری کرے گی۔ بندوق اٹھانے والوں کو بندوق سے ہی جواب ملے گا۔
خطرے کے خاتمے کیلئے زمینی اور فضائی کارروائی ہوگی۔ پرویز رشید کا کہنا تھا کہ اداروں، درسگاہوں اور ہوائی اڈوں کی حفاظت یقینی بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ریاست اپنی پوری طاقت استعمال کرے گی۔ ریاست کو جہاں سے خطرہ ہوگا حکومت اسے ختم کرنے کیلئے بھرپور اقدامات اٹھائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور طالبان کے درمیان سٹریٹجک شراکت داری ہو گئی ہے۔ عمران خان جمہوری اداروں جبکہ طالبان دفاع اداروں پر حملے کر رہے ہیں۔ جمہوری اور دفاعی ادارے عمران خان اور طالبان کے مشترکہ نشانے پر ہیں۔ حکومت طالبان، عمران خان اور طاہر القادری کا مقابلہ کریگی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری آئین پر حملہ کرنے پاکستان آ رہے ہیں۔ جمہوری اور دفاعی اداروں کو نشانہ بنانے کے بعد آخری ذمہ داری طاہر القادری کی ہے۔ طاہر القادری کو وفاق کے ضامن آئین پاکستان پر حملہ کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔