پشاور (جیوڈیسک) پشاور قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد خان شیرپاو نے کہا ہے کہ آل پارٹیز کانفرنس میں طالبان سے مذاکرات کا فیصلہ تو ہوا،لیکن ابھی تک طریقہ کار وضع نہیں ہو سکا۔ پشاور میں تحریک انصاف کے رہنما ہاشم بابر کی قومی وطن پارٹی میں شمولیت کے موقع پر تقریب سے خطاب میں آفتاب شیرپاو نے کہا کہ امن کی بحالی کے لئے بامقصد اور نتیجہ خیز مذاکرات ناگزیر ہیں مگر حکومت کی طرف سے اب تک کوئی پیش رفت نظر نہیں آتی۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں امن کے قیام کے لئے پاکستان اور افغانستان کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ آفتاب شیرپاو کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت ہمیں ہمارے وسائل پر منافع کے تعین کا اختیار دے۔بجلی کے خالص منافع کی شرح میں مناسب اضافہ کیا جائے۔ اس موقع پر ہاشم بابر نے کہا کہ اے این پی چھوڑ کر تحریک انصاف میں شمولیت ان کی سیاسی زندگی کی بڑی غلطی تھی۔