پشاور (جیوڈیسک) حکومت کی مذاکراتی کمیٹی کے رکن رستم شاہ مہمند نے کہا ہے کہ جن قیدیوں کے خلاف عسکری سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے ثبوت نہیں ہیں انہیں مرحلہ وار رہا کرنے پر حکومت متفق ہوگئی ہے۔
پشار میں جیو نیوز کے نمائندے شکیل فرمان علی سے گفت گو میں حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے رکن رستم شاہ مہمند کا کہنا تھا کہ طالبان اور حکومت کے پاس ایک دوسرے کے قیدی ہیں۔تاہم شاید دونوں کو قیدیوں کی صحیح تعداد کا علم نہیں ہے۔
جن قیدیوں کے خلاف دہشت گردی میں ملوث ہونے کے ثبوت نہیں ہیں حکومت انہیں مرحلہ وار رہا کرنے پر متفق ہوگئی ہے۔ رستم شاہ مہمند نے کہا کہ آئندہ ملاقات میں طالبان قیادت کے ساتھ قیدیوں کی رہائی کے بارے میں بات ہوگی اورطالبان قیادت سے بچو ں کو پولیو سے بچاوٴ کے قطرے پلانے پر بھی بات ہوگی۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ طالبان سے مستقل جنگ بندی کا کہیں گے تاکہ سارے معاملات کا احاطہ ہو۔ اعتماد کی فضاء بن جائے تو ہوسکتا ہے کہ مذاکرات کسی قریبی علاقے میں ہوں۔