طالبان بھی مذاکراتی کمیٹی کا اعلان کریں: عرفان صدیقی

 Irfan Siddiqui

Irfan Siddiqui

اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی اور مذاکراتی کمیٹی کے رکن عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ طالبان نے حکومت کی مذاکراتی کمیٹی کو قبول کر لیا ہے۔

کمیٹی کا پہلا مینڈیٹ مذاکرات کا راستہ کھول کر طالبان سے باضابطہ رابطہ کرنا ہے۔ چند روز میں کمیٹی ارکان کے رابطہ نمبر اخبارات میں مشتہر کئے جائیں گے۔ عرفان صدیقی نے کہا کہ مذاکرات کیلئے ماضی کا باب بند کرکے اگر مگر میں نہیں پڑنا چاہتے۔

ساتھ ہی یہ بھی کہہ دیا کہ طالبان کو زبانی یا عملاً یقین دہانی کرانی ہو گی کہ کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہیں ہو گا۔ مذاکراتی کمیٹی کے ٹائم فریم سے متعلق سوال کے جواب میں عرفان صدیقی نے کہا کہ یہ معاملہ مہینوں یا سالوں نہیں چلے گا۔

مقصد جلد از جلد آگ پر قابو پانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذاکراتی کمیٹی میں اگر سیاسی نمائندوں کو شامل کیا جاتا تو کئی میم میخ نکلتے۔