اسلام آباد (جیوڈیسک) حکومتی کمیٹی طالبان سے مذاکرات کے لئے وزیرستان روانگی کو تیار ہے۔ حکومت نے کمیٹی کو ہیلی کاپٹر بھی فراہم کر دیا جبکہ مولانا عبد العزیز کمیٹی کے ہمراہ طالبان کے وفد سے ملاقات پر آمادہ ہو گئے ہیں۔
طالبان سے مذاکرات کے لئے روانہ ہونے والی کمیٹی میں پروفیسر ابراہیم اور کمیٹی کے ترجمان مولانا یوسف شاہ سمیت دیگر شامل ہیں۔ کمیٹی طالبان کو آئین کے تحت مذاکرات کے لئے قائل کرے گی۔ مذاکرات میں اہم پیش رفت متوقع ہے۔
کمیٹی ذرائع کا کہنا ہے حکومت مذاکرات کی کامیابی کے لئے ہر ممکن اقدامات کرے گی گیند اب طالبان کی کورٹ میں ہے۔ دوسری طرف مولانا شاہ عبد العزیز مجاہد نے مولانا عبد العزیز سے جامعہ حفصہ میں ملاقات کی جو دو گھنٹے جاری رہی۔
ملاقات کے بعد مولانا عبد العزیز کمیٹی کے ہمراہ طالبان کے وفد سے ملاقات پر آمادہ ہو گئے ہیں۔ گزشتہ روز مولانا عبد العزیز نے پریس کانفرنس کے دوران کمیٹی کے ہمراہ طالبان سے مذاکرات سے انکار کر دیا تھا۔