اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر خارجہ خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ افغان طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانا عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
ان خیالات کا اظہار وزیر خارجہ خواجہ آصف نے ازبکستان کے شہر تاشقند میں ہونے والے افغانستان امن کانفرنس کے موقع پر کیا۔
خواجہ آصف نے اہنے خطاب میں کہا کہ طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانا اور افغانستان میں دیرپا امن کا قیام بین الاقوامی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان میں داعش کی موجودگی اور منشیات کی پیداوارمیں اضافہ تشویش ناک ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق کانفرنس کے موقع پر وزیر خارجہ خواجہ آصف نے ازبک صدر اور ترک ہم منصب سے بھی ملاقات کی۔
ازبکستان میں ہونے والی 2 روزہ افغان امن کانفرنس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا جس میں افغان طالبان سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ امن اعمل میں شامل ہوں۔
اعلامیے کے مطابق طالبان سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ ہتھیار چھوڑ کرافغان حکومت کی امن پیشکش قبول کریں جبکہ امن کے خواہاں طالبان کو سیاسی عمل میں شامل کیاجائے۔
کانفرنس میں شریک وفود نے افغان امن عمل کی مکمل حمایت اور دہشتگردی کےخلاف جنگ میں علاقائی تعاون پراتفاق کیا گیا۔
افغان امن کانفرنس میں پاکستان،امریکا،چین، بھارت سمیت 23 ممالک جبکہ یورپی یونین اور اقوام متحدہ کے وفود نے بھی شرکت کی۔