طالبان سے مذاکرات سے کافی امیدیں ہیں، حالات جلد ٹھیک ہو جائینگے۔ منور حسن

Munawar Hasan

Munawar Hasan

لاہور (جیوڈیسک) جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن نے کہا ہے کہ طالبان کی جانب سے جنگ بندی کے بعد دہشت گردی کے واقعات پر حکومت اور ایجنسیوں کو چھان بین کرنی چاہئے اور طالبان کو بھی ایسے عناصر کی نشاندہی کرنا ہوگی۔

سعودی عرب سے واپسی پر علامہ اقبال ائیر پورٹ لاہور پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید منور حسن کا کہنا تھا کہ عالمی اسلامی کانفرنس کے شرکاء طالبان سے مذکرات کو امید کی نظر سے دیکھتے ہیں اور حالات جلد ٹھیک ہو جائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ مذاکراتی کمیٹیوں نے حکومت اور طالبان کے نمائندوں کی براہ راست شرکت کی تجویز جماعت اسلامی نے ہی دی تھی۔

فوج حکومت کا ایک ماتحت ادارہ ہے، مذکرات میں اس کی مدد حاصل کرنے میں کوئی حرج نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ بھارت اٖفغانستان میں بیٹھ کر پاکستان کوغیر مستحکم کر رہا ہے اور دہشت گردی میں یہ جواز بھی خارج از امکان نہیں۔اس حوالے سے دہشت گردی کے ذمہ داروں کے چہرے بے نقاب کرنا ضروری ہیں۔