کراچی (جیوڈیسک) وفاق نے طالبان رابطہ کارکمیٹی کو واضح پیغام دیا ہے کہ وہ طالبان شوریٰ سے رابطہ کرکے حکومت کوحتمی جواب دے کہ طالبان قیادت مذاکراتی عمل کو جاری رکھنا چاہتی ہے یانہیں۔
اگر چند روز میں واضح پیغام سامنے نہیں آیا تو حکومت یہ سمجھنے پر مجبور ہوجائے گی کہ طالبان قیادت مذکراتی عمل میں سنجیدہ نہیں، حکومت مذاکراتی عمل کو ختم کرنے اور دیگر آپشنز پر باضابطہ غورکرکے اپنی حتمی پالیسی کا تعین کرلے گی ، سیکورٹی فورسز پر جاری مسلسل حملوں ،طالبان کی جانب سے قیدیوں کو رہا نہ کرنے ، سیز فائر میں توسیع نہ کرنے کے معاملات پرطالبان قیادت کی عدم دلچسپی پروفاق نے اپنے خدشات سے طالبان رابطہ کار کمیٹی کو آگاہ کردیا ہے۔
حکومتی پیغام میں طالبان رابطہ کار کمیٹی کو کہا گیا ہے کہ وہ طالبان قیادت سے رابطہ کرکے حکومت کو 72 گھنٹوں میں آگاہ کرے کہ مذاکرات کے حوالے سے طالبان کی آئندہ حکمت عملی یا پالیسی کیا ہے، طالبان رابطہ کار کمیٹی نے وفاق کوعندیہ دیا ہے کہ وہ طالبان قیادت سے رابطہ کرکے اس حوالے سے جلدآئندہ کی حکمت عملی سے حکومت کو آگاہ کرے گی۔