اسلام آباد (جیوڈیسک) حکومت اور طالبان مذاکرات ڈیڈ لاک کا شکار ہو گئے، آپریشن کی تیاریاں شروع کر دی گئیں، سیکورٹی اداروں نے حکومت کو اپنی تیاریوں سے آگاہ کر دیا۔
حکومت اور طالبان مذاکرات ڈیڈ لاک کا شکار ہو گئے ہیں جس کے بعد آپریشن کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں اور سیکورٹی اداروں نے حکومت کو اپنی تیاریوں سے آگاہ کر دیا ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق آپریشن کا فیصلہ حکومت کا ہو گا۔ یہ فیصلہ حکومت کرے گی کہ کارروائی کیلئے گرین سگنل کب دینا ہے۔ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ طالبان نے حکومتی قیدیوں کی فہرست سے لاعلمی ظاہر کر کے اپنی نیت ظاہر کر دی ہے۔
سیکورٹی اداروں کو ٹارگٹ بنانے والے ریاست کے دشمن ہیں۔حکومتی کوششوں کے باوجود طالبان کی ضد اور ہٹ دھرمی کے باعث معاملات آگے نہیں بڑھ سکے۔ ذرائع کے مطابق ریاست کی رٹ پر اثرانداز ہونے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔