اسلام آباد (جیوڈیسک) حکومتی کمیٹی کے رکن رستم شاہ مہمند نے کہا ہے کہ حکومت کے پاس سیکڑوں قیدی ہیں جن کی رہائی مرحلہ وار ہوگی۔ جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کا کہناہے کہ مذاکرات کی راہ میں آنے والی ہر رکاوٹ کو دور کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
رستم شاہ مہمند نے اس بات کی تصدیق کی کہ طالبان سے آئندہ ملاقات سے قبل حکومت چند قیدی رہا کرے گی، تاہم طالبان کو بھی غیر عسکری قیدی رہاکرنے پڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں کمیٹیاں ملاقا ت طالبان سے ملاقات کا وقت اور جگہ کا تعین کریں گے۔
رستم شاہ مہمند نے کہا کہ فوج مذاکراتی عمل میں شریک ہے ، اس کی مرضی کے بغیر کوئی بھی فیصلہ ہوا تو مذاکرات نہیں چل سکیں گے۔ ادھر امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ ایک دو واقعات کی وجہ سے مذاکرا ت میں ڈیڈلاک نہیں آنا چاہئے۔
اس سلسلے میں زیادہ ذمہ داری وفاقی حکومت کی بنتی ہے، قبائلی علاقوں کا مسئلہ بہت پیچیدہ ہے جس کے حل کے لیے صبر اور حکمت کی ضرورت ہے۔ عوامی مسلم لیگ کے رہنما شیخ رشید کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کو اس معاملے پر توجہ دینی چاہئے، معاملات اب بھی حکومت کے ہاتھ میں ہیں۔