پشاور (جیوڈیسک) لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور میں کوہاٹی دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کے رحمان ملک کا کہنا تھا کہ ملا برادر کو رہا کیا گیا، اگلے دن ہمیں چرچ پر حملہ کر کے تحفہ دیا گیا۔ پنجابی طالبان اور ظالمان سب سامنے آ چکے ہیں۔
لشکر جھنگوی کے خلاف فوری کارروائی کی جائے، ان کا کہنا تھا کہ امن کیلئے پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن، پاکستان تحریک انصاف اور دیگر جماعتوں کو آج متحد ہونا ہو گا۔ مسیحی برادری پر حملہ مسلمانوں پر حملہ ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ قوم امن چاہتی ہے۔ امن مذاکرات سے آتے ہیں لیکن کچھ لوگ نہیں چاہتے کہ مذاکرات ہوں اور امن آئے۔ رحمان ملک کی آمد کے موقع پر مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور ہسپتال کے چیف ایگزیکٹو کے کمرے میں ان سے ملنے کی کوشش کی تاہم سیکیورٹی اہلکاروں نے انہیں روک دیا۔