طالبان کا وزیراعظم نواز شریف پر اعتماد کا اظہار

Taliban

Taliban

لاہور (جیوڈیسک) پنجابی طالبان اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی جانب سے تشکیل دی گئی چار رکنی مذاکراتی ٹیم پر اعتماد کا اظہار کر دیا ہے۔

پنجابی طالبان کے امیر عصمت اللہ معاویہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ مذاکراتی کمیٹی کی تشکیل سے بھی وزیراعظم کی سنجیدگی کا اظہار ہو رہا ہے۔

پنجابی طالبان کے امیر کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے تشکیل دی گئی چار رکنی کمیٹی میں باخبر اور جہاندیدہ افراد کو شامل کیا گیا ہے جو طالبان کی بات سننے اور سمجھنے کی کوشش کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت مزید سنجیدگی کا مظاہرہ کرے تو وہ بھی خیر مقدمی اقدامات کریں گے۔ دوسری جانب کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان شاہد اللہ شاہد نے بھی کہا ہے کہ مذاکرات کیلئے حکومتی کمیٹی کے قیام کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

وزیراعظم محمد نواز شریف کی جانب سے طالبان سے مذاکرات کیلئے قائم کمیٹی کے ارکان پر کوئی خاص تحفظات نہیں ہیں۔

اُمید ہے کہ حکومت مذاکرات میں سنجیدگی دکھائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ شوریٰ کے اجلاس میں حکومت سے مذاکرات سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔