پشاور (جیوڈیسک) طالبان کمیٹی کے رکن پروفیسر ابراہیم نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے طالبان قیدی رہا نہ ہونے سے امن مذاکرات ڈیڈلاک کا شکار ہوگئے ہیں۔ پشاور میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے طالبان کمیٹی کے رکن پروفیسر ابراہیم کا کہنا تھا کہ حکومت اعلانات کے باوجود طالبان کمیٹی سے ملاقات نہیں کر رہی۔
اس مسئلے کا حل آپس میں مل بیٹھنے سے ہی نکلے گا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار نے طالبان قیدیوں کی رہائی کا اعلان کیا لیکن اس پر عمل نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے مذاکرات ڈیڈ لاک کا شکار ہیں۔ پروفیسر ابراہیم کا کہنا تھا ابھی تک حکومتی کمیٹی سے بھی ملاقات طے نہيں ہوئی، جتنی جلدی ہو ڈیڈلاک ختم ہونا چاہیے تاکہ دوبارہ مذاکرات شروع کیے جا سکیں۔