اسلام آباد (جیوڈیسک) حکومت نے اپنی مذاکراتی کمیٹی اور طالبان شوریٰ کے درمیان ملاقات کے لئے میرانشاہ ، بنوں ایئرپورٹ اور بلند خیل (اورکزئی ایجنسی) کے مقامات تجویز کیے ہیں، ساتھ ہی طالبان سے کہاگیا ہے کہ اگلے 3 یا 4 روز میں یہ اہم ملاقات ہونی چاہیے ورنہ مزید تاخیر سے مذاکراتی عمل پر منفی اثرات مرتب ہوں گے اور یہ سارا عمل سبوتاژ ہونے کا خطرہ ہے۔
حکومت اور طالبان کے درمیان جاری مذاکراتی عمل سے واقف ذرائع نے بتایا کہ طالبان کیساتھ مذاکرات کے حوالے سے اگلے 3,4 روز بڑے اہم ہیں۔ طالبان قیادت کو پیغام دیاگیا ہے کہ مذاکراتی کمیٹی اور طالبان شوریٰ کے درمیان ملاقات 6 ، 7 یا پھر 8 مئی کو ہو جانی چاہیے۔
مذاکرات میں التوا اور تاخیر اس سارے عمل کو نقصان پہنچارہی ہے اور یہ عمل سبوتاژ ہوسکتا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ طالبان شوریٰ اور حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے درمیان ملاقات کے لئے ایک بارپھر کم وبیش وہی پرانے مقامات تجویز کیے گئے ہیں، یہ مقامات بنوں ایئرپورٹ اور بلند خیل (اورکزئی ایجنسی) ہیں۔