کراچی (جیوڈیسک) طالبان رابطہ کارکمیٹی نے حکومت کو پیغام دیا ہے کہ طالبان شوریٰ حکومت سے مذاکرات چاہتی ہے اور انھوں نے دوسری براہ براست ملاقات کے لیے رضامندی ظاہر کردی ہے۔
تاہم ملاقات سے 48 گھنٹے قبل طالبان شوریٰ کو آگاہ کیا جائے۔ جس کے بعد ملاقات کے مقام سے آگاہ کر دیںگے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ طالبان رابطہ کارکمیٹی کے طالبان شوریٰ سے پس پردہ رابطوں کے بعد مذاکرات میں حائل رکاوٹوں میں بتدریج کمی ہورہی ہے۔
اور طالبان رابطہ کارکمیٹی کی درخواست پرہی شمالی وزیرستان میں کرفیو ختم کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فریقین کی ملاقات آئندہ ہفتے متوقع ہے۔ حکومت نے طالبان رابطہ کار کمیٹی کو جواب دیا ہے کہ آئندہ 2 روز میں مشاورت کر کے طالبان رابطہ کار کمیٹی کو ملاقات کے لیے دن سے آگاہ کر دیا جائے گا۔