طالبان سے مذاکرات شیطانوں، فرعونوں، ظالموں اور قاتلوں سے مذاکرات ہیں، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری
Posted on February 3, 2014 By Majid Khan سٹی نیوز
کوئٹہ : مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیر اہتمام پیام شہداء و اتحاد امت کانفرنس میں شریک رہنماوُں جس میں تمام مکاتب فکر کے نمائندے شریک تھے نے طالبان سے مذاکرات کو مسترد کرتے ہوئے اسے شیطانوں ،فرعونوں، ظالموں اور قاتلوں سے مذاکرات قرار دیا ہے مقررین کا کہنا تھا کہ نواز شریف ملک میں یزید کی شریعت نافذ کرنا چاہتے ہیں جو مسلمانان پاکستان آج کے اس نمائندہ اجتماع کے ذریعے مسترد کرتے ہیں مذاکرات کا ڈھونگ ختم کیا جائے اور دہشت گردوں کیخلاف کارروائی کی جائے۔
ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، سنی اتحاد کونسل پاکستان کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا، وائس آف شہداء کے ترجمان سینیٹر سید فیصل رضا عابدی، تحریک منہاج القرآن کے رہنما سید فرحت حسین شاہ،رکن بلوچستان اسمبلی سید محمد رضا رضوی، صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی ، عیسائی برادری کے رہنما ولیم برکت ، ناصرشیرازی سمیت دیگر رنماؤں نے ایم ڈبلیو ایم کوئٹہ ڈویژن کے تحت کوئٹہ میں علمدار روڈ شہداء چوک پر منعقدہ پیام شہدا و اتحاد ملت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر علامہ احمد اقبال رضوی، مفتی سعید رضوی، علامہ ہاشم موسوی،علامہ فرحت شاہ، علامہ مقصود علی ڈومکی سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ کانفرنس میں ہزاروں کی تعداد مرد و خواتین اور بچوں اور بوڑھوں نے سخت سردی اور بارش میں شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاء نے طالبان سے مذاکرات نامنظور ، امریکہ مردہ باد، نواز حکومت شرم کرو کے نعرے بلند کئے۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طالبان سے مذاکرات شیطانوں سے مذاکرات ہیں ، فرعونوں، ظالموں اور قاتلوں سے مذاکرات ہیں، ہم اپنا خون دیدیں گے لیکن وطن کے ساتھ خیانت کو قبول نہیں کریں گے، انہیں پاکستان کی مظلوم عوام اور شہداء کے خانوادے مسترد کرتے ہیں، یہ شہداء کے خون سے خیانت کے مترادف ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ضیائی اسٹیبلشمنٹ کے فیصلوں کو آج اس ملک میں نافذ کیا جارہا ہے اور امریکہ اور سعودی عرب کی سرپرستی میں پاکستان کو بدامنی کا شکار کیا جارہا ہے، دہشت گردوں کے حامی اب ایکسپوز ہوچکے ہے، داڑھی والے اور کلین شیو طالبان عیاں ہورہے ہیں، نواز شریف اور اس کے ساتھی اور خاص مسلک کے دہشت گرد ایک ہورہے ہیں لیکن آج شیعہ و سنی مظلوم بیدار ہیں اور ضیائی اسٹیبلشمنٹ کے ایجنڈے کو ناکام بنائیں گے او ر طالبان اور ان کے حامیوں کو رسوا کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ طالبان سے طالبان مذاکرات کررہے ہیں، ہمیں ایک بڑی جدوجہد شروع کرنے لئے اپنے آپ کو آمادہ کرنا ہوگا جس کا رخ اسلام آباد کی طرف ہوگا، پاکستان کی تمام محب وطن قوتوں کو اکھٹا ہونا ہوگا، ہمارے حکمرانوں سے پاکستان کو خطرہ ہے، ہم اس کو بچانے کیلئے ہر ممکن جدوجہد کریں گے، فرعون اور یزید کے فرزند پاکستان کی سالمیت کیلئے خطرہ ہیں۔
صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا تھا کہ منور حسن نے اسامہ بن لادن کو سید الشہداء کہہ کر دین کے وقار کو مجروح کیا ہے، پاکستانی عوام کیلئے اسلام پر قربانیاں دینے والے، نبی کے دین کیلئے اپنا سب کچھ لٹا دینے والے پیغمبر اسلام کے نواسہ حضرت امام حسین کی ذات سید الشہداء ہے نہ کہ ملک دشمن اور انسانیت دشمن اسامہ بن لادن ، اب ہم کسی کو بھی اسلام کے نام پر مزید ٹھیکہ داری کی اجاز ت نہیں دے سکتے۔انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگردوں قوتوں اور ہم میں یہ فرق ہے کہ وہ اسامہ اور حکیم اللہ محسود کو روتے ہیں لیکن ہم کربلا کے مظلوموںکی یاد میں روتے ہیں ،میں ان حکمرانوں سے یہ پوچھنا چاہتا ہوں کہ جو قوتیں پاکستان اور قائداعظم کو نہیں مانتیں، آپ انکے پاس تو ہاتھ جھوڑ کر جاتے ہیں لیکن کوئٹہ میں بیٹھے مظلوم عوام کی دل جوئی کرنے کیلئے آپ کے پاس وقت نہیں۔ہم طالبان، ظالمان،لشکر جھنگوی،سپاہ صحابہ اور کسی بھی دہشتگرد قوت کو نہیں مانتے۔وہ وقت دور نہیں جب پاکستان کی مظلوم عوام اسلام آباد کا رخ کریگی اور ان سعودی نواز حکمرانوں کو بھاگنے کا راستہ بھی نہیں ملے گا۔
اگر حکومت نے دہشتگردوں کیساتھ اب بھی مذاکرات کئے تو اس بار ہم اپنے گھروں کو واپس نہیں جائیں گیاور اس ملک سے دہشتگردوں سمیت انکے سیاسی و مذہبی سپورٹروں کو بھی ملک بدر کردینگے۔فیصل رضا عابدی کا کہنا تھا کہ طالبان کی شریعت یزید کی شریعت ہے، نواز شریف ملک میں یزید کی شریعت نافذ کرنا چاہتے ہیں، ایسی جمہوریت پر لعنت بھیجتا ہوںکہ جس کی آغوش میں ملک کی پاک افواج اور عوام کے گلے کاٹے جارہے ہیں اور قاتل دہشت گردوں سے مذاکرات ہورہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم آخری جنگ کی تیاری کررہے ہیں، طالبان سے مذاکرات کرنے والوں پر لعنت بھیجتا ہوں اور ایسے افراد کو مسترد کرتا ہوں۔ فیصل رضا عابدی کا کہنا تھا کہ شہداء کے خانوادے اور ملک کی مظلوم عوام پاک فوج کو اجازت دیتی ہے کہ طالبان پر فوری حملہ کردیا جائے، جس طرح شام میں تکفیریوں کو ہم نے شکست دی ہے بالکل ویسے ہی پاکستان کو بھی تکفیریوں کا قبرستان بنائیں گے۔ منہاج القرآن کے رہنما سید فرحت حسین شاہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خوارج کے لئے واحد علاج شیخ الاسلام علامہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا وہ تاریخ ساز فتویٰ ہی ہے جس پر عمل کر کے پاکستانی قوم اس ناسور سے پا سکتے ہیں۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com