کراچی (جیوڈیسک) وفاق نے طالبان رابطہ کار کمیٹی کو آگاہ کیا ہے کہ حکومت نے طالبان قیادت سے مذکرات کی آئندہ حکمت عملی کا تعین کرلیا ہے اور اس حوالے سے پیرکو وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کرکے ان کو مذاکراتی عمل کی آئندہ حکمت عملی سے آگاہ کریں گے۔
اس حکمت عملی کے تحت طالبان رابطہ کار کمیٹی کی موجودگی میں اب براہ راست حتمی اور دوٹوک مذاکرات کیے جائیں گے اور اس مذاکراتی عمل میں طالبان قیادت کو واضح پیغام دیا جائے گا کہ وہ مستقل امن معاہدہ چاہتے ہیں یا نہیں اس کا واضح جواب دیا جائے تاکہ حکومت کو اپنی پایسی کا تعین کرسکے۔
باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ اعلیٰ حکومتی سطح پرطالبان رابطہ کار کمیٹی کو آگاہ کیا گیا ہے کہ حکومت نے خلوص دل سے مذاکراتی عمل کو آگے بڑھایا ہے ،غیر عسکری طالبان کو رہا کیا گیا۔
تاہم اب تک ردعمل میں طالبان نے اپنی تحویل میں موجود قیدیوں کو رہا نہیں کیا ہے ،اب طالبان قیادت اگر مذاکرات میں مخلص ہے تو وہ حتمی طور پر اپنے مطالبات سامنے رکھے تاکہ حکومت ان مطالبات کا جائزہ لے کر اس حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ کرنے کی پوزیشن میں آسکے۔