کراچی (جیوڈیسک) سابق وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ طالبان دہشت گرد تنظیم ہے، اسے سیاسی جماعت کیسے بناسکتے ہیں،طالبان نے پہلے بھی معاہدے توڑے، ہمیں کراچی اور پاکستان کی فکر ہے، ایم کیو ایم کے ساتھ مذاکرات مثبت رہے۔ کراچی ائر پورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے رحمان ملک کا کہنا تھا کہ حکومت اور وزیراعظم کی نیت پرشک نہیں کرنا چاہیے، ملک میں اتحاد کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ طالبان دہشت گرد تنظیم ہے، اسے سیاسی جماعت کیسے بناسکتے ہیں، طالبان نے پہلے بھی معاہدے توڑے۔ انہوں نے سوالا اٹھایا کہ طالبان کے پاس بھاری ہتھیارکہاں سے آئے، ڈرون حملے غیراخلاقی ہیں توطالبان کے حملے کون سے اخلاقی ہیں، ایسا کوئی معاہدہ نہیں کرنا چاہیے جس سے پاکستان کی بدنامی ہو، امید ہے حکومت عوام کے اندیشے دور کرے گی۔ رحمان ملک نے بحرین کے بادشاہ کی پاکستان آمد کو خوش آئند قرار دیا۔