یورپ (اصل میڈیا ڈیسک) یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزپ بوریل نے افغانستان میں طالبان کی فتح کو تسلیم کر لیا۔
ایک بیان میں جوزپ بوریل نے کہا کہ طالبان جنگ جیت چکے ہیں، ہمیں ان سے بات کرنا پڑے گی۔
دوسری جانب کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے طالبان کی حکومت تسلیم نہ کرنے کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ طالبان نے منتخب افغان حکومت کو طاقت کے زور سے ہٹایا ہے۔
علاوہ ازیں برطانوی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ افغانستان کی صورتحال پر قطر میں ابھی بات چیت جاری ہے، ہم یہ جانچنا چاہتے ہیں کہ آیا اس قسم کی حکومت میں اعتدال کی گنجائش ہے؟
برطانوی وزیر خارجہ نے افغانستان کے تمام دھڑوں پر مشتمل حکومت کے قیام کی امید بھی ظاہر کی۔
خیال رہے کہ طالبان نے اتوار 15 اگست 2021 کو افغان دارالحکومت کابل پر بھی قبضہ کرلیا جس کے بعد وہاں موجود امریکی فوجی اور افغان صدر اشرف غنی سمیت متعدد اہم حکومتی عہدے دار ملک سے فرار ہوگئے۔
طالبان نے کابل کا کنٹرول حاصل کرنے کے بعد عام معافی کا اعلان کیا ہے اور عالمی برادری کو پیغام دیا ہے کہ وہ ان کے ساتھ مل کر کام کرے۔