ممبئی (اصل میڈیا ڈیسک) بالی وڈ کا شمار ہالی وڈ کے بعد فلمی صنعت کی دوسری بڑی انڈسٹری میں ہوتا ہے۔ بھارتی معیشت میں اس کا حصہ تقریبا 3 ارب ڈالر کا ہے۔ لیکن بالی وڈ کی بہت سی بلاک بسٹر فلم بھارتی ریاست تامل ناڈو کےمرہون منت ہے۔
تامل فلموں کا ہندی زبان میں ریمیک کے نام پر نقل کرنے کا سلسلہ بہت پہلے سے جاری ہے،اور یہ بھی بالی وڈ کی منافقت ہے کہ وہ تامل فلموں کے اداکاروں کو بالی وڈ میں انٹری دینے کا روادار نہیں لیکن انہی تامل اسٹارز کی فلموں کا ریمیک بنا کر اربوں روپے کمانے میں انہیں کوئی شرم محسوس نہیں ہوتی۔
گجنی 2008 میں ریلیز ہونے والی مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کی فلم ’گجنی‘ آل ٹائم بلاک بسٹر ثابت ہوئی۔ اس فلم کے ’ سنجے سنگھانیا‘ کا ایک ڈائیلاگ ’ وشواس اور گھمنڈ میں بہت کم فرق ہے۔۔ میں کرسکتا ہوں، یہ میرا وشواس ہے۔۔۔ صرف میں ہی کر سکتا ہو یہ میرا گھمنڈ۔‘ بہت مشہور ہوا۔
مسٹر پرفیکشنسٹ کا ’وشواس‘ تھا تامل گجنی کا ریمیک بنانا اور ان کا ’گھمنڈ‘ تھا اس سے پیسا بنانا اور انہوں نے دونوں ہی کام کیے، ہندی زبان میں بننے والی ’ گجنی‘ نے باکس آفس پر سوا دو ارب بھارتی روپے سے زائد کا بزنس کیا، اور 5 ایوارڈز اپنے نام کیے۔
سنگھم
اجے دیوگن کو’ آٹا ماجھی سٹکلی رے ‘ کی شناخت عطاکرنے والی فلم سنگھم بھی 2010 میں تامل زبان میں بننے والی ’ سنگھم‘ کا ریمیک ہے۔ اس فلم میں بہت سے ڈائیلاگ بھی تامل زبان کے ہی لیے گئے۔ اوریجنل سنگھم کو تامل ہدایت کار ہری گوپالا کرشن نے بنایا تھا اور ریمیک کے ہدایت کار ایکشن فلمیں بنانے کے ماہر بالی وڈ ہدایت کار روہت شیٹھی تھے۔
فورس
جون ابراھام کی ہٹ ہونے والی فلم ’فورس‘2011 میں ریلیز کی گئی جس میں اداکارہ جینیلیا ڈی سوزا نے بھی کام کیا۔ یہ 2003 میں بننے والی تامل فلم ’کاخا‘ کا ریمیک ہے۔ فورس کا بجٹ 28 کروڑ روہے رکھا گیا تھا تاہم اس نے باکس آفس میں 39 کروڑ روپے سے زیادہ کا بزنس کیا۔
لکشمی
اکشے کمار کے کیریئر کی سب سے زیادہ چیلنجنگ فلم ’لکشمی‘ پچھلے سال ہی ریلیز ہوئی جسے مداحوں نے بہت پسند کیا۔ یہ 2011 میں ریلیز ہونے والی تامل فلم ’کنچھانا‘ کا ریمیک تھی۔