ٹنڈوالہ یار (جیوڈیسک) ٹنڈوالہ یار تھانے میں بم ڈسپوزل اسکواڈ کا اہل کار دستی بم ناکارہ بناتے ہوئے شدید زخمی ہو گیا، پولیس کے مطابق 15 روز قبل منصور کالونی میں کچی شراب بنانے کی فیکٹری پر چھاپا مارا گیا تھا، جہاں سے 40 سے زائد دستی بم بھی برآمد ہوئے تھے، انسداد دہشت گردی کی عدالت سے اجازت ملنے کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ کا عملہ تھانے کے خالی گراونڈ میں ان بموں کو ناکارہ بنارہا تھا کہ ایک بم پھٹنے سے سب انسپکٹر محمد سلیم زخمی ہوگیا، زخمی اہلکار کو طبی امداد کے لیے کراچی منتقل کردیا گیا ہے۔
کراچی سول اسپتال میں داخل زخمی اہلکار نے بتایا کہ وہ 20 سال سے بم ڈسپوزل اسکواڈ عملے میں شامل ہے اور اپنی زندگی کو خطرے میں ڈال کر مختلف اقسام کے دھماکا خیز مواد کو ناکارہ بناتا ہے، زخمی اہلکار محمد سلیم نے شکوہ کیا، اس کے زخمی ہونے کے بعد کسی بھی سینئر پولیس اہلکار نے اب تک اس کی خیریت دریافت نہیں کی۔