ٹانک (جیوڈیسک) بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف ٹانک کے شہری سڑکوں پر نکل آئے اور مشتعل مظاہرین نے پیسکو کے دفتر پر دھاوا بول کر توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیرا بھی کیا۔
پیسکو انتظامیہ کی جانب سے ٹانک میں 20 گھنٹے سے زائد لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جس پر شہری مشتعل ہوگئے اور سیکڑوں افراد نے پیسکو دفتر پر دھاوا بول دیا جب کہ مشتعل مظاہرین نے دفتر میں توڑ پھوڑ کرتے ہوئے فرنیچر کو آگ لگا دی۔ اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی لیکن پولیس اور مظاہرین کے درمیان معاملات طے نہ ہوسکے جس پر پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی تاہم صورتحال کشیدہ ہونے پر انتظامیہ نے مظاہرین سے مذاکرات کا فیصلہ کیا۔
پانچ گھنٹے تک جاری رہنے والے مذاکرات میں پیسکو انتظامیہ نے مظاہرین کو یقین دلایا کہ آئندہ ٹانک میں لوڈشیڈنگ 20 گھنٹے کے بجائے دن میں 11 گھنٹے کی جائے گی اور مظاہرین کے مطالبے پر انتظامیہ نے انہیں ایکسئن اور ایس ڈی او پیسکو کو بھی تبدیل کرنے کی یقین دہانی کرائی جس پر مظاہرین منتشر ہوگئے۔