آزادکشمیر (ہجیرہ نمایندہ خصوصی) پانچواں خرم شہید ٹیپ بال کرکٹ ٹورنامنٹ بیلا دھر بازار گرائونڈ میں اختتام پذیر۔ فائنل میچ میں اورنگزیب کرکٹ کلب بٹل نے راجہ کرکٹ کلب کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5وکٹ سے شکست دے کر ٹورنامنٹ جیت لیا۔
بھارتی گولہ باری سے جامِ شہادت نوش کرنے والے خرم کی شہادت عالمی برادری اور بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں کے منہ پر تمانچہ ہے۔سیز فائر لائن کی موجودگی ریاست کے عوام کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔نوجوان صحت مندانہ سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ بنیادی حقوق کی جدوجہد بھی شروع کریں۔ تقریبِ تقسیم ِ انعامات سے لبریشن فرنٹ کے زونل صدر ڈاکٹر توقیر گیلانی، مسلم لیگ نون کے راہنما سردار کاشان مسعود اور دیگر کا خطاب۔ تفصیلات کے مطابق پانچواں خرم شہید ٹیپ بال کرکٹ ٹورنامنٹ بیلا دھر بازار گرائونڈ میں اختتام پذیر ہو گیا۔فائنل میچ اورنگزیب کرکٹ کلب بٹل اور راجہ کرکٹ کلب بٹل کے درمیان بیلا گرائونڈ میں کھیلا گیا۔
فائنل میچ میں اورنگزیب کرکٹ کلب بٹل نے راجہ کرکٹ کلب کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5وکٹ سے شکست دے کر ٹورنامنٹ جیت لیا۔اس موقع پر تقسیمِ انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لبریشن فرنٹ کے زونل صدر ڈاکٹر توقیر گیلانی اور مسلم لیگ نون پونچھ ڈویژن کے نائب صدر سردار کاشان مسعود نے کہا کہ خرم شہید ایک خوبصورت اور ذہین لڑکا تھا جو سیز فائر لائن پر گولہ باری کے نتیجے میں شہید ہو گیا۔ مقررین نے کہا کہ ریاست جموں کشمیر کے عوام گزشتہ 70سالوں سے ایک جبری تقسیم کا شکار ہو کر بھارت پاکستان افواج کی گولہ باری اور توسیع پسندانہ عزائم کا شکار ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل نہ ہونا عالمی برادری کے منہ پر ایک بد نما داغ ہے اور عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی کی قیمت ریاست جموں کشمیر کے عوام ادا کر رہے ہیں۔ مقررین نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ معاشرے میں صحت مندانہ سرگرمیوں کی ترویج کریں اور دیگر سماجی مسائل کے حل کیلئے بھی جدوجہد میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
مقررین نے مختلف حکومتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دور دراز علاقوں کے نوجوانوں کیلئے صحت مند سرگرمیوں کی فراہمی حکومتوں کا کام ہوتا ہے لیکن آزاد کشمیر بھر میں نوجوانوں کیلئے کھیلوں کے میدان اور دیگر اقدامات نہ ہونے کے برابر ہیں۔مقررین نے انتظامیہ کمیٹی اور تمام ٹیموں کے کھلاڑیوں کوزبردست مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان آئندہ بھی اس طرح کی سرگرمیوں کو فروغ دیکر معاشرے میں صحت مندانہ رجحانات کو فروغ دیتے رہیں گے۔اس موقع پر تقریب سے سینئر صحافی ذولفقار ملک، بابر مرزا، قاضی منیر، فیاض حسین اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔