ہری پور (جیوڈیسک) تربیلا اور منگلا ڈیموں میں پانی کی آمد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ چوبیس گھنٹوں کے دوران تربیلا میں پانی کی سطح مزید 6 فٹ اور منگلا میں دو فٹ بلند ہو گئی۔ تربیلاڈیم میں پانی کی آمد دو لاکھ اٹھتر ہزار نو سو کیوسک اور اخراج ایک لاکھ چالیس ہزار کیوسک رکارڈ کیا گیا۔ ڈیم میں پانی کی سطح چودہ سو ستاسی اعشاریہ چار دو فٹ ہے جو پانی کی انتہائی سطح پندرہ سو پچاس فٹ سے تریسٹھ فٹ کم ہے تربیلا ڈیم میں قابل استعمال پانی کا ذخیرہ تینتیس لاکھ پینتیس ہزار ایکڑ فٹ ہے۔
منگلا ڈیم میں پانی کی سطح گیارہ سو چھیاسٹھ اعشاریہ چھ پانچ فٹ رکارڈ کی گئی۔ ڈیم میں پانی کی آمد ستر ہزار آٹھ سو دس اور اخراج 15 ہزار کیوسک رکارڈ کیا گیا۔ منگلا ڈیم میں قابل استعمال پانی کا ذخیرہ چھبیس لاکھ چونسٹھ ہزار ایکڑ فٹ ہو گیا ہے۔ تربیلا اور منگلا دونوں ڈیموں میں قابل استعمال پانی کا ذخیرہ مجموعی طور پر انسٹھ لاکھ نناوے ایکڑ فٹ رکارڈ کیا گیا۔