تربیلا اور منگلا ڈیموں میں پانی کی سطح میں بتدریج اضافہ

Tarbela - Mangla Dams

Tarbela – Mangla Dams

اسلام آباد (جیوڈیسک) مون سون بارشوں کے باعث تربیلا اور منگلا ڈیموں میں پانی کی سطح بتدریج بلند ہو رہی ہے، دریائے سندھ میں تونسہ کے مقام پر درمیانے، جبکہ کالا باغ، چشمہ اور گڈوکے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، دریائے کابل میں نوشہرہ اور دریائے روای میں بلوکی کے مقامات پربھی نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پہاڑوں پر مون سون بارشوں اور گرم مرطوب موسم کے باعث دریاوں میں پانی کی روانی کا عمل تیز ہوا ہے،تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 1527 فٹ اور منگلا ڈیم میں 1207.25 فٹ ہو گئی۔

فلڈ فور کاسٹنگ ڈویژن کے مطابق دریائے سندھ میں تونسہ کے مقام پر اگلے 24 گھنٹوں کے دوران درمیانے درجے کا سیلاب ہوگا، پانی کی آمد 3 لاکھ 8 ہزار کیوسک جبکہ اخراج 2 لاکھ 82 ہزار کیوسک ہے، دریائے سندھ میں کالا باغ، چشمہ اور گدو کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، کالاب اغ کے مقام پر پانی کی آمد 2 لاکھ 62 ہزار کیوسک اور اخراج 2 لاکھ 54 ہزار کیوسک ہے۔

چشمہ کے مقام پر پانی کی آمد 3 لاکھ 73 ہزار کیوسک اور اخراج 3 لاکھ 55 ہزار کیوسک جبکہ گدو کے مقام پر پانی کی آمد 2 لاکھ 25 ہزار کیوسک اور اخراج 1لاکھ 96 ہزار کیوسک ہے، دریائے کابل میں نوشہرہ اور دریائے راوی میں بلوکی کے مقامات پربھی نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر پانی کی آمد اور اخراج 52 ہزار 6 سو کیوسک جبکہ دریائے راوی میں بلوکی کے مقام پر پانی کی آمد 47 ہزار 7 سوکیوسک اور اخراج 15 ہزار 3 سو کیوسک ہے۔