ماسکو (جیوڈیسک) روس کے صدر ولادی میر پوتین کا کہنا ہے کہ ماسکو کا ہدف شام سے تمام غیر ملکی فورسز کا انخلا ہے اور ان میں روسی فوج بھی شامل ہے۔
ماسکو میں توانائی کی ایک کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے روسی صدر کا کہنا تھا کہ شام میں امریکی افواج کی موجودگی اقوام متحدہ کے منشور کی خلاف ورزی ہے۔
اس سے قبل کریملن ہاؤس شام میں امریکی فوج کی مداخلت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنا چکا ہے۔ اس کے مطابق اقوام متحدہ یا شامی حکومت نے امریکی فوج کو کوئی اختیار نہیں دیا ہے۔
پوتین کا کہنا ہے کہ شام میں معاندانہ کارروائیوں کے روک دیے جانے پر تمام غیر ملکی فورسز پر لازم ہے کہ وہاں سے کوچ کر جائیں۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے پوتین نے واضح کیا کہ اگر شامی حکومت نے مطالبہ کیا تو روس اپنی فوج واپس بلا لے گا۔
روسی صدر کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب منگل اور بدھ کی درمیانی شب ترکی کا ایک نیا فوجی قافلہ شام کے شمال مغرب میں اپوزیشن گروپوں کے زیر کنٹرول علاقوں میں داخل ہوا ہے۔