ترکی (اصل میڈیا ڈیسک) ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ ہمارا ہدف ترکی کو دنیا کی سب سے بڑی 10 اقتصادیات میں شامل کرنا ہے۔
صدر ایردوان نے استنبول دولماباہچے صدارتی دفتر میں، ماہرین اقتصادیات کے شرکت سے منعقدہ، اجلاس سے خطاب کیا۔
انہوں نے کہا ہے ترکی میں پہلی دفعہ کسی حکومت کے دور میں تقریباً 20 سالہ مسلسل ترقیاتی دور دیکھا گیا ہے۔ اس دورانیے میں ہم نے اصل اور وسیع پیمانے کی اقتصادی ترقی کے آغاز کے لئے ضروری انفراسٹرکچر کے زیادہ تر حصّے کو مکمل کر لیا ہے۔
صدر ایردوان نے کہا ہے کہ ہم نے 2002 میں اقتدار سنبھالا اس وقت ترکی، عالمی مالیاتی فنڈ کا 23،5 بلین ڈالر کا مقروض تھا۔ مئی 2013 کو ہم نے یہ قرضہ اتار دیا۔ اس وقت نہ تو ہم پر آئی ایم ایف کا کوئی قرضہ ہے اور نہ ہی آئی ایم سے ہمارا کوئی رابطہ ہے۔
صدر ایردوان نے کہا ہے کہ ملکی اقتصادیات میں بحالی کے ساتھ ساتھ مرکزی بینک کا زرِ محفوظ بھی 115 بلین ڈالر سے زیادہ ہو گیا ہے۔ حالات اسی ڈگر پر آگے بڑھنے کی صورت میں زرِ محفوظ میں اور بھی بہتری آئے گی۔ ہمارا مقصد اپنے ملک کو دنیا کی پہلی 10 اقتصادی قوّتوں کی صف میں شامل کرنا ہے۔
صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ ” مختصر مدت میں مالیاتی توازن کو پختہ کرنے کے بعد آئندہ موسمِ گرما میں ہم، ملکی اقتصادیات کے ایک بہت مختلف اقتصادی ماحول میں داخل ہونے کا مشاہدہ کریں گے”۔