کراچی (جیوڈیسک) پولیس نے مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے ٹارگٹ کلر اور اجرتی قاتل سمیت 50 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ، منشیات اور موٹر سائیکل برآمد کر لی۔
محمود آباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے ایک مبینہ ٹارگٹ کلر عمران عرف چوکیدار کو گرفتار کرکے ٹی ٹی پستول برآمد کر لی، پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان نے دوران تفتیش 15 سے زائد افراد کو ٹارگٹ کلنگ میں قتل کرنے کا انکشاف کیا ہے۔
گلبہار پولیس نے ناظم آباد سندھ اسپورٹس کورس بورڈ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے مقابلے کے بعد ملزم شان اور عبدالہادی کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے ان کے قبضے سے دو ٹی ٹی پستول برآمد کرلی۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان اجرتی قاتل ہیں ملزمان نے دو روز قبل گلبہار کے علاقے میں فائرنگ کرکے نعمان کو قتل کیا تھا، ڈاکس پولیس نے مچھر کالونی میں کارروائی کرتے ہوئے 3 ملزمان عادل، صورت عالم اور سجاد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا۔
بلال کالونی پولیس نے نیو کراچی سیکٹر 5/D میں کارروائی کرتے ہوئے 2 ملزمان ارشد علی اور آصف کو گرفتار کرکے2ٹی ٹی پستول اور موٹر سائیکل نمبرKEM-2516 برآمد کر لی،کراچی پولیس کے ترجمان کی جانب سے جاری کر دہ رپورٹ کے مطابق پولیس نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں 82چھاپہ مار کارروائیوں اور 5مقابلوں کے دوران 5 جرائم پیشہ کو ہلاک جبکہ مجموعی طور پر 44ملزمان کو گرفتار لیا۔